حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کوئٹہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے امیر جماعت اسلامی بلوچستان و صوبائی صدر ملی یکجہتی کونسل مولانا عبد الحق ہاشمی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے مختلف مکاتب فکر کے درمیان اتحاد و اخوت ضروری ہے اس سلسلے میں ملی یکجہتی کونسل اپنا کردار ادا کر رہی ہے جسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ جبکہ اسلام دشمن سامراجی قوتیں امت مسلمہ کے اتحاد و اخوت سے خائف ہیں۔ وطن عزیز پاکستان میں ماہ محرم الحرام سے قبل ایک سازش کے تحت مختلف مکاتب فکر کے درمیان نفرتوں کو ہوا دی جا رہی ہے۔ تمام مکاتب فکر کے مسلمان اھل بیت عظام علیہم السلام اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا احترام کرتے ہیں لہذا ہمیں دشمن کی سازشوں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے اپنی صفوں میں اتحاد و وحدت کے فروغ پر کام کرنا ہے۔ محرم الحرام حق و باطل کا معرکہ ہے جو امت کے درمیان اتحاد و اخوت اور ظلم و استکبار کے خلاف قیام کا مہینہ ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبد الحق ہاشمی نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل نے ایک طرف دینی قوتوں کو متحد کیا تو ساتھ ہی دین اسلام اور امت مسلمہ کے مفادات کے لئے مل کر جدوجہد کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کی رو سے حکومت اور پارلیمنٹ کوئی ایسی قانون سازی نہیں کر سکتی جو دین اسلام کی تعلیمات سے متصادم ہو۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی ہماھنگی کے فروغ اور موجودہ صورت حال پر غور کے لئے اسی ھفتے ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کا اعلی سطحی اجلاس بلایا جائے گا۔
اس موقع پر مولانا عبد الحق ہاشمی نے علامہ مقصود علی ڈومکی کو اپنی دو تصانیف سبز گنبد کے سائے میں اور حدیث نبوی اور سائنسی علوم کا تحفہ پیش کیا۔